عالمی حدت کا نیا ریکارڈ، مسلسل 6 روز درجہ حرارت 2 ڈگری زیادہ رہا
دنیا کی ریکارڈ شدہ تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلسل 6 روز تک عالمی اوسط درجہ حرارت صنعتی عہد سے قبل کی سطح کے مقابلے میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہا، جس سے عالمی حدت کا نیا تشویشناک ریکارڈ قائم ہوگیا۔
عالمی درجہ حرارت میں یہ غیر معمولی اضافہ 18 سے 23 نومبر کے دوران ریکارڈ کیا گیا۔
یہ دورانیہ اتنا طویل نہیں کہ اس بنیاد پر 2015 کے پیرس معاہدے کے تحت مقررہ اہداف کا حصول ناممکن قرار دیا جائے، کیونکہ اس معاہدے کا تعلق طویل المدتی اوسط درجہ حرارت سے ہے۔
اس کے باوجود ماہرین نے مسلسل 6 روز تک عالمی یومیہ اوسط درجہ حرارت میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد اضافے کو ایک انتباہ قرار دیا ہے۔
2015 کے پیرس معاہدے کے تحت عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو صنعتی عہد سے قبل کی سطح کے مقابلے میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے نمایاں طور پر کم رکھنے اور اسے 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کرنے کی کوششوں پر اتفاق کیا گیا تھا۔
ان اہداف کا جائزہ کسی ایک دن یا ایک سے دو سال کے بجائے طویل المدتی اوسط درجہ حرارت کی بنیاد پر لیا جاتا ہے۔
23 نومبر کو صنعتی عہد سے قبل کی سطح کے مقابلے میں عالمی اوسط درجہ حرارت میں 2.24 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کسی ایک دن میں عالمی درجہ حرارت میں اضافے کا نیا ریکارڈ ہے۔
یورپی موسمیاتی ادارے کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے ڈیٹا نے اس نئے ریکارڈ کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل نومبر 2023 اور فروری 2024 میں عالمی یومیہ درجہ حرارت میں اضافہ 2 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد سے تجاوز کرگیا تھا، تاہم اس کا دورانیہ اتنا طویل نہیں تھا۔
ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کی بڑی وجوہات میں انسانوں کی جانب سے فوسل فیول کا استعمال اور غیر معمولی طور پر طاقتور ایل نینو کی موجودگی شامل ہے، جو اپنے عروج کے قریب پہنچ چکا ہے۔
ایل نینو ایک ایسا موسمیاتی رجحان ہے جس کے نتیجے میں بحرالکاہل کے پانی کا بڑا حصہ معمول سے کہیں زیادہ گرم ہوجاتا ہے، جس سے زمین کے مجموعی درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق یہ صورتحال مستقبل کے حوالے سے ایک انتباہ ہے کہ اگر فوسل فیول کے استعمال میں کمی نہیں لائی گئی تو دنیا کو کن حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
اس سے قبل کسی ایک دن میں عالمی اوسط درجہ حرارت میں سب سے زیادہ اضافے کا ریکارڈ 2023 میں قائم ہوا تھا، جب صنعتی عہد سے قبل کی سطح کے مقابلے میں 2.06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔