عمان کے قریب سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر 2 آئل ٹینکرز میں آگ لگ گئی
عمان کے قریب دو آئل ٹینکرز مبینہ طور پر سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دھماکوں کے بعد دونوں ٹینکرز میں آگ لگ گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں آئل ٹینکرز عمان کی بندرگاہ خصب کے شمال میں سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرائے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ دونوں ٹینکرز آبنائے ہرمز سے غیر مجاز راستے کے ذریعے گزرنے کی کوشش کررہے تھے۔ آبنائے ہرمز میں استحکام اور بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت کا انحصار ایران کے جائز خودمختار حقوق کے احترام پر ہے۔
خلیج فارس کے جزائر پر ایک آپریشنل یونٹ کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل علی اوزماعی نے کہا کہ آبنائے ہرمز جیسے اہم بحری راستے پر ایران کا کنٹرول محض دعویٰ نہیں بلکہ عملی حقیقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو جذبہ شہادت اور فولادی عزم کے ساتھ ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایرانی کمانڈر کا کہنا تھا کہ ایران نہ صرف اس آبی گزرگاہ پر کنٹرول رکھتا ہے بلکہ آبنائے ہرمز کے عین وسط میں تزویراتی صورتحال تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
انہوں نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ اس اہم بحری راستے میں استحکام اور بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت ایران کے جائز خودمختار حقوق کے احترام سے مشروط ہے۔