ٹوئنکل کھنہ کا اکشے کمار پر مزاحیہ طنز، ویڈیو وائرل
بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اور ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کے درمیان ایک ٹی وی شو کے دوران فون پر ہونے والی مزاحیہ گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اکشے کمار نے روی کشن کے ہمراہ مقبول ٹاک شو ’کافی ود کرن‘ کے سیزن 9 کی حالیہ قسط میں شرکت کی۔
شو کے ایک تفریحی راؤنڈ کے دوران اکشے کمار نے اپنی اہلیہ اور مصنفہ ٹوئنکل کھنہ کو فون کیا، تاہم انہیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کے تیکھے اور مزاحیہ جملوں کا نشانہ بن جائیں گے۔ دونوں کی دلچسپ نوک جھونک سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
شو میں 5 پوائنٹس حاصل کرنے کے ٹاسک کے تحت اکشے نے ٹوئنکل کو فون کیا تو انہوں نے فون اٹھاتے ہی شکایت کی کہ رات بھر بمشکل نیند آئی تھی، صبح 6 بجے بھجن چلا کر اور انوپ جلوٹا کی طرح بلند آواز میں گا کر ان کی نیند خراب کردی گئی۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کم از کم باتھ روم کا دروازہ تو ٹھیک سے بند کرلیا کریں۔
جب اکشے نے بتایا کہ وہ شو میں موجود ہیں اور کرن جوہر چاہتے ہیں کہ ٹوئنکل ریپڈ فائر راؤنڈ کو جج کریں تو انہوں نے حیرت اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ آج انہیں یہ کام بھی کرنا ہے اور وہ بھی مفت میں۔ اس پر کرن جوہر نے مذاقاً پوچھا کہ کیا انہیں ہر کام کے پیسے چاہئیں؟
سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کی باہمی کیمسٹری اور حاضر جوابی کو خوب سراہا۔ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ نے 17 جنوری 2001 کو شادی کی تھی اور ان کے دو بچے آرو اور نتارا ہیں۔