ایشیا کپ رائزنگ سٹارز: شاہینز کا کل بنگلہ دیش سے سیمی فائنل، حکمت عملی تیار
دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز کے کپتان عبدالصمد نے اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کے خلاف مقابلے سے قبل کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ گروپ مرحلے کی غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے کھیل کے تمام شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالصمد نے گروپ مرحلے میں ٹیم کی ناقابل شکست کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم اعتراف کیا کہ سیمی فائنل جیسے اہم ناک آؤٹ مقابلے سے قبل بعض شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔
کپتان عبدالصمد نے کہا کہ پاکستان شاہینز نے گروپ مرحلے کے تینوں میچز جیتے ہیں اور بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے، تاہم ناک آؤٹ مرحلے سے پہلے کچھ خامیوں کو دور کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹنگ یونٹ کا ہدف پورے 50 اوورز کھیل کر ایک مسابقتی مجموعہ سکور بورڈ پر سجانا ہوگا، کیونکہ ٹیم کے پاس مضبوط بولنگ اٹیک موجود ہے جو اچھے مجموعے کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
عبدالصمد نے مزید کہا کہ اہم مقابلے سے قبل کھلاڑیوں نے آج ایک مفید ٹریننگ سیشن مکمل کیا، جس میں تمام تر توجہ گروپ میچز میں ہونے والی غلطیوں کی اصلاح پر مرکوز رہی تاکہ سیمی فائنل میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا جاسکے۔
دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز جمعہ 27 نومبر کو دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں بنگلہ دیش اے کے مدمقابل ہوں گے۔
میچ کا ٹاس پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر ہوگا، جبکہ پہلی گیند سہ پہر 3 بجے پھینکی جائے گی۔
پاکستان شاہینز نے گروپ بی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان شاہینز کے 15 رکنی سکواڈ میں عبدالصمد (کپتان)، احمد دانیال، علی رضا، دانش عزیز، فرحان یوسف، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد حسنین، محمد عمران رندھاوا، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، سعد مسعود، شاہ زیب خان، شامل حسین اور سفیان مقیم شامل ہیں۔