ملائیشیا سے میچ برابر، پاکستان اذلان شاہ کپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر
سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ 2026 کے پانچویں راؤنڈ رابن میچ میں پاکستان اور میزبان ملائیشیا کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 5-5 گول سے برابر رہا، جس کے نتیجے میں قومی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی۔
میچ کے تیسرے ہی منٹ میں ملائیشیا کے عزرائی ایزاد نے فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم پاکستان نے شاندار کم بیک کیا اور احمد ندیم نے 13ویں اور 15ویں منٹ میں مسلسل دو فیلڈ گول کرکے قومی ٹیم کو 2-1 کی برتری دلادی۔ ملائیشیا کے مرہان جلیل نے 20ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔
تیسرے کوارٹر کے آغاز میں محمد عماد نے 32ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے پاکستان کو دوبارہ برتری دلائی، جبکہ 48ویں منٹ میں حنان شاہد کے فیلڈ گول سے قومی ٹیم کی برتری 4-2 ہوگئی۔
میچ کے آخری مرحلے میں ملائیشیا کے تجربہ کار کھلاڑی فیصل ساری نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 50ویں منٹ میں پینلٹی کارنر اور اسی منٹ میں فیلڈ گول کرکے مقابلہ 4-4 سے برابر کردیا۔
57ویں منٹ میں صفیان خان نے پینلٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو 5-4 کی برتری دلائی، تاہم ایک منٹ بعد ہی فیصل ساری نے پینلٹی سٹروک پر گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور مقابلہ 5-5 سے برابر کردیا۔ میچ کے اختتام تک یہی سکور برقرار رہا۔
پاکستان ہاکی ٹیم کو ایونٹ کے فائنل تک رسائی کے لیے ملائیشیا کے خلاف کامیابی حاصل کرنا لازمی تھا۔