World

امریکا میں قومی تہوار پر شدید طوفان اور برفباری، سیکڑوں پروازیں منسوخ

امریکا میں  قومی تہوار  پر شدید طوفان اور برفباری، سیکڑوں پروازیں منسوخ
۱ منٹ پہلے

امریکا کی مختلف ریاستوں میں قومی تہوار تھینکس گیونگ کے موقع پر شدید طوفان، موسلادھار بارش، برفباری اور تیز ہواؤں نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔

 

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مشرقی امریکا میں آنے والے طاقتور طوفان نے الینوائے سے نیو جرسی تک متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

 

خراب موسم کے باعث نیویارک کی مشہور میسیز تھینکس گیونگ پریڈ بھی ملتوی کیے جانے کی خبر ہے، جو اس تقریب کی 100 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔

 

پروازوں کی منسوخی کے باعث تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران سفر کرنے والے ہزاروں افراد مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں، جبکہ بجلی کی بندش اور فضائی آمدورفت میں بڑے پیمانے پر خلل پیدا ہوا ہے۔

 

بحر اوقیانوس کے ساحلی علاقوں میں سمندری پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے، بعض مقامات پر پانی کی سطح 2012 کے تباہ کن طوفان سینڈی کے بعد بلند ترین سطح تک پہنچنے کا امکان ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی بندش کے واقعات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

 

دوسری جانب بحرالکاہل سے آنے والے ایک الگ طوفان کے باعث امریکا کے مغربی ساحل اور دیگر شمال مغربی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

 

سان ڈیاگو میں گزشتہ روز غیرمعمولی بلند سمندری لہروں نے ریکارڈ قائم کیا، جبکہ سان فرانسسکو کے قریب طاقتور سمندری لہروں کے باعث ایک گھاٹ کا حصہ منہدم ہوگیا۔

 

خراب موسمی حالات سے فضائی سفر بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ جمعرات کی صبح تک سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوچکی تھیں، جبکہ گزشتہ روز 6 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار اور تقریباً 150 پروازیں منسوخ ہوئی تھیں۔

 

حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں موسمی صورتحال اور بجلی کی بندش کے واقعات پر نظر رکھی جارہی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں