World
افغانستان میں سکول کے قریب دھماکا، 7 طلبہ جاں بحق، 97 زخمی
افغانستان کے صوبے کنڑ میں سکول کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 7 طلبہ جاں بحق اور 97 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق افغان حکام نے بتایا کہ دھماکا ملک کے مشرقی صوبے میں ایک سکول کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں طلبہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
افغان حکومت کے ترجمان نے کہا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ دھماکا سکول کے قریب کان کنی کرنے والی کمپنیوں کے ڈپو میں موجود بارودی مواد کے ذخیرے میں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس اور تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کنڑ کے ہسپتال کے سربراہ مولا داد نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ابتدائی اعداد و شمار ہیں، مزید معلومات سامنے آنے پر جاں بحق اور زخمی افراد کی تعداد میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔