فیفا اور اے ایف پی پر سائبر حملے، ڈیٹا چوری، نیوز پلیٹ فارمز بند
عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا اور پیرس میں قائم بین الاقوامی خبر رساں ادارے ایجنسی فرانس پریس (اے ایف پی) نے الگ الگ سائبر حملوں کی تصدیق کردی، غیرمجاز افراد نے فیفا کی محدود ذاتی اور کاروباری معلومات تک رسائی حاصل کرلی، جبکہ اے ایف پی نے اپنا آن لائن پلیٹ فارم عارضی طور پر بند کردیا۔
فیفا کے مطابق سائبر حملے کا انکشاف جمعرات 26 نومبر کو کیا گیا، تاہم ادارے نے یہ واضح نہیں کیا کہ حملہ کب ہوا اور کتنے افراد کا ڈیٹا متاثر ہوا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سائبر حملے سے فیفا کے مجموعی ڈیٹا کا 0.1 فیصد سے بھی کم حصہ متاثر ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے فیفا کے سافٹ ویئر میں کسی تکنیکی خامی کا فائدہ اٹھانے کے بجائے ادارے کے ملازمین کا روپ دھار کر معلومات تک رسائی حاصل کی۔
ہینڈسم بوائے ہیکنگ کلب نامی ہیکرز گروپ نے سوشل میڈیا پر سائبر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے اندرونی دستاویزات کے سکرین شاٹس جاری کیے تھے، جبکہ گروپ نے 12 گیگا بائٹس سے زائد ڈیٹا چوری کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
ہیکرز کے مطابق چوری شدہ فائلوں میں اعلیٰ حکام کی تفصیلات، مالیاتی ریکارڈ، قانونی دستاویزات اور امیگریشن سے متعلق کاغذات شامل ہیں، تاہم فیفا نے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق فیفا کے منسوخ شدہ ورلڈ کپ کمرشل رائٹس منصوبے سے متعلق دستاویزات سائبر حملے سے متاثر نہیں ہوئیں۔فیفا نے نجی معلومات کی چوری اور انہیں آن لائن پھیلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے رازداری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات اور نقصان پر قابو پانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سائبر سکیورٹی حکام کے ساتھ مل کر کام کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب پیرس میں قائم بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سائبر حملے کے بعد اپنا آن لائن پلیٹ فارم ’اے ایف پی فورم‘ عارضی طور پر بند کردیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق خبر رساں ایجنسی کی انتظامیہ نے سائبر حملے کی تصدیق کی ہے۔
ایجنسی کی انتظامیہ کی جانب سے جاری داخلی ای میل کے مطابق سائبر حملہ پیرس کے مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 30 منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 30 منٹ) پر شروع ہوا، جس کا ہدف اے ایف پی فورم تھا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سائبر حملے کا علم ہوتے ہی احتیاطی تدبیر کے طور پر آن لائن پلیٹ فارم کو آف لائن کردیا گیا، جو آئندہ اطلاع تک دستیاب نہیں ہوگا۔
بیرونی ماہرین کی معاونت سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم فی الحال ایجنسی کے پاس حملے کے ذمہ دار عناصر سے متعلق کوئی معلومات موجود نہیں ہیں۔اے ایف پی فورم خبر رساں ایجنسی کے صارفین کو اس کے مواد تک رسائی، تلاش اور ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
ایجنسی کے مطابق پلیٹ فارم تک رسائی بحال ہونے تک صارفین اور سبسکرائبرز کو متبادل سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔یہ سائبر حملہ حالیہ مہینوں کے دوران فرانس اور دیگر ممالک میں کمپنیوں اور سرکاری اداروں کو نشانہ بنانے والے متعدد واقعات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
ان میں سے بعض حملوں کی ذمہ داری مالی مفادات کے حصول کے لیے سرگرم جرائم پیشہ گروہوں پر عائد کی گئی ہے، جبکہ دیگر حملوں کا مقصد عدم استحکام پیدا کرنا بتایا گیا ہے۔