World

ترک صدر اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مکہ دفاعی معاہدے کی منظوری دے دی

ترک صدر اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مکہ دفاعی معاہدے کی منظوری دے دی
۲۹ منٹ پہلے

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

 

صدر اردوان کی منظوری کے بعد ترکیہ میں معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ترکیہ کی پارلیمنٹ نے 5 نومبر کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کی تھی۔ ترکیہ سعودی عرب میں فوج کی تعیناتی کی اجازت کے لیے پارلیمنٹ میں قرارداد بھی پیش کرے گا۔

 

ترکیہ نیٹو کی دوسری بڑی فوج رکھتا ہے، پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے جبکہ سعودی عرب دنیا کے بڑے تیل برآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ رواں سال اگست میں طے پایا تھا۔

 

دوسری جانب مکہ دفاعی معاہدے کی سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس کچھ دیر بعد باضابطہ طور پر شروع ہوگا۔اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، وزیر دفاع اور ملٹری چیف شریک ہوں گے، جبکہ ترک وزیر خارجہ حاکان فدان، وزیر دفاع اور ملٹری چیف بھی شرکت کریں گے۔

 

پاکستان کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس کے سائیڈ لائنز پر دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ترک اور سعودی وفود کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں