فنکاروں کی کردار کشی کے بجائے ہاتھ ذرا ہلکا رکھیں، صنم سعید
پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے تاریخی سنگ میل، ملک کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی عالمی ریلیز سے چند روز قبل مرکزی اداکارہ صنم سعید نے ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین سے اہم اپیل کی ہے۔
کراچی میں سیریز کی تشہیری مہم کے دوران ایک انٹرویو میں صنم سعید نے فنکاروں کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ اور ذاتی حملوں کا نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔
اداکارہ نے ناظرین پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ڈرامے، فلم یا سیریز پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے شائستگی، احترام اور مثبت رویے کو برقرار رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کو خامیوں کی نشاندہی یا تعمیری تنقید سے نہیں روک رہی اور نہ ہی چاہتی ہوں کہ آپ صرف ’سب اچھا‘ کہیں، لیکن یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ کسی پروجیکٹ کی تکمیل میں درجنوں افراد کی دن رات کی محنت، صبر، طویل وقت اور مالی وسائل صرف ہوتے ہیں۔
صنم سعید نے مزید کہا کہ فنکاروں کا کام تخلیق کرنا ہے، تاہم ناظرین کی بھی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ تخلیقی کام کو کھلے دل سے دیکھیں اور ناپسندیدگی کا اظہار کرتے وقت ذاتی کردار کشی کے بجائے دلائل اور احترام کا دامن تھامے رکھیں۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، ’اس لیے میری درخواست ہے کہ ہاتھ ذرا ہلکا رکھیں۔‘
فرحت اشتیاق کے معروف ناول پر مبنی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ 4 دسمبر کو دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، کیونکہ اس عالمی پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی کہانیوں کو پہلی مرتبہ عالمی مرکزی دھارے میں نمایاں پذیرائی کا موقع ملے گا۔
اس پروجیکٹ کی نمایاں خصوصیت اس کی سٹار کاسٹ ہے، جس میں پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے بڑے نام ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔ شائقین کے لیے یہ کاسٹ کسی ڈریم ٹیم سے کم نہیں۔
سیریز میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، ہانیہ عامر، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، اقرا عزیز، مایا علی، بلال اشرف اور آمنہ شیخ شامل ہیں، جبکہ ہدایت کاری کے فرائض مومنہ درید نے انجام دیے ہیں۔