آٹے کی بڑھتی قیمتیں،گندم کی درآمدی حد 25 لاکھ ٹن کرنے کی منظوری
پاکستان میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے گندم کی درآمد کی حد بڑھا کر 25 لاکھ ٹن کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے مالی سال 2026-27 کے لیے گندم کی درآمد کی زیادہ سے زیادہ حد 10 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 25 لاکھ ٹن کرنے کی منظوری دی ہے، جس کا مقصد ملک میں گندم کی مناسب دستیابی یقینی بنانا، قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور آئندہ فصل کی کٹائی تک صوبوں کی ضروریات پوری کرنا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا، جس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے گندم کی درآمدی حد بڑھانے سے متعلق پیش کی گئی سمری پر تفصیلی غور کے بعد اصولی منظوری دی گئی۔
پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 800 روپے، پشاور میں 3 ہزار 750 روپے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں 3 ہزار 733 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی، بنوں اور کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 600 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ لاڑکانہ میں یہ 3 ہزار 560 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔اسی طرح گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 533 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
سرگودھا میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 467 روپے، سکھر میں 3 ہزار 440 روپے، فیصل آباد میں 3 ہزار 400 روپے اور بہاولپور میں 3 ہزار 380 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ملتان میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 267 روپے جبکہ خضدار میں 3 ہزار 200 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔