جیسمین منظور کا سابق شوہر پر گھریلو تشدد کا الزام، تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں

پاکستان - 16 جولائی 2025
سینئر اینکر پرسن جیسمین منظور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے سابق شوہر پر گھریلو تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے کچھ تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں ان پر ہونے والے مبینہ تشدد کے آثار نمایاں ہیں۔
انہوں نے اپنی موبائل گیلری کا ایک اسکرین شاٹ پوسٹ کیا، جس میں ان کی سوجی ہوئی آنکھ دیکھی جا سکتی ہے۔ تصویر کو قریب سے دیکھا جائے تو مزید تصاویر بھی نمایاں ہوتی ہیں جن میں ان کے چہرے کے مختلف زاویوں سے لی گئی تصاویر موجود ہیں، جن سے واضح ہوتا ہے کہ انہیں سنگین نوعیت کے تشدد کا سامنا رہا ہے۔
تصویر کے ساتھ جیسمین منظور نے لکھا:"یہ میں ہوں، یہ میری کہانی ہے۔ ایک پرتشدد شخص نے میری زندگی برباد کی۔ میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتی ہوں۔"
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے ان افراد کو مخاطب کیا جو ان کے سابق شوہر کی حمایت کرتے ہیں، اور کہا:"یہ اُن سب کے لیے ہے جو ایک مجرم کی حمایت کرتے ہیں۔ یہ میرے سابق شوہر کی طرف سے دیا گیا تحفہ ہے۔"
جہاں سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا، وہیں کچھ افراد نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ ایک صارف نے لکھا:"اگر آپ اپنے شوہر سے بھی وہی لہجہ اختیار کریں جو آپ ٹی وی پر رکھتی ہیں، تو پھر یہ تو کچھ بھی نہیں۔"
جبکہ دیگر صارفین نے جیسمین کی ہمت اور سچ سامنے لانے پر ان کی تعریف کی۔ مہر تارڑ نے لکھا:"یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، جس نے بھی یہ کیا وہ انسان نہیں، درندہ ہے۔ اسے سزا ضرور ملنی چاہیے۔"
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی ٹی وی ہوسٹ عائشہ جہانزیب پر تشدد کا معاملہ سامنے آ چکا ہے، تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنے شوہر سے صلح کر لی تھی۔