صادق آباد میں چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ: 5 ایلیٹ فورس اہلکار شہید، مقدمہ درج، سرچ آپریشن جاری

پاکستان - 02 اگست 2025
صادق آباد کے نواحی علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے 5 ایلیٹ فورس اہلکاروں کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ایف آئی آر میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین دفعات شامل کی ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق اندھڑ، لولائی، بکھرانی، میرانی، موہانہ، دشتی اور کورائی گینگز کے مسلح ڈاکوؤں نے چیک پوسٹ پر چاروں اطراف سے حملہ کیا۔ اندھڑ گینگ کے سرغنہ تنویر اندھڑ نے راکٹ لانچر سے تین حملے کیے، جس کے نتیجے میں اہلکار عرفان، سلیم، نخیل، غضنفر اور خلیل موقع پر شہید ہو گئے۔
حملے کے دوران ڈاکوؤں نے پولیس موبائل اور سرکاری چیک پوسٹ کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔ پولیس کے مطابق 28 نامزد اور 5 نامعلوم افراد اس کارروائی میں ملوث ہیں۔
واقعے کی اطلاع پر مزید پولیس نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور فریقین کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں بدنام زمانہ ڈاکو سونا دشتی ہلاک جبکہ ملوک لولائی زخمی ہوا، تاہم دیگر حملہ آور اپنے زخمی ساتھی کو لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق تنویر اندھڑ، گل حسن اور احمد شوبی پنجاب حکومت کی موسٹ وانٹیڈ لسٹ میں شامل ہیں اور ان کے سروں کی قیمت ایک، ایک کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔