پاکستان اور کرغزستان کا کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

news-banner

کاروبار - 02 اگست 2025

پاکستان اور کرغزستان نے کرپٹو کرنسی، بلاک چین اور ڈیجیٹل فنانس کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیرِ مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب اور کرغزستان کی نیشنل انویسٹمنٹ ایجنسی کی ڈائریکٹر فرخت امینوو کے درمیان ایک اہم ویڈیو کانفرنس ہوئی۔

 

کانفرنس میں کرپٹو کرنسی، بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل فنانس کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے کرغزستان کی نیشنل انویسٹمنٹ ایجنسی کے ذریعے معلومات، تجربات اور بہترین عالمی طریقہ کار کے تبادلے پر زور دیا۔

 

کرغزستان نے ڈیجیٹل اثاثوں میں جدت لانے اور ریگولیٹری فریم ورک کے ضمن میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کو اہم قرار دیا۔

 

اس موقع پر بلال بن ثاقب نے تجویز پیش کی کہ پاکستان اور کرغزستان ورچوئل اثاثوں کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کریں تاکہ اس شعبے میں باقاعدہ شراکت داری کا آغاز کیا جا سکے۔

 

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک محفوظ، شفاف اور جدید ڈیجیٹل معیشت کے قیام کے لیے دو طرفہ تعاون جاری رکھیں گے اور وسطی و جنوبی ایشیا میں بلاک چین و ڈیجیٹل فنانس کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔