بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کی اپنی پچز پر تنقید، شیر بنگلا اسٹیڈیم کی وکٹ غیر تسلی بخش قرار

news-banner

کھیل - 02 اگست 2025

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے کرکٹ آپریشنز کے چیئرمین، ناظم العابدین فہیم نے شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی پچز پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے باؤنس کو "غیر تسلی بخش" قرار دیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ اگرچہ سپورٹنگ اور متوازن پچز تیار کرنے کی کوشش کی گئی تھی، مگر نتائج اس کے برعکس نکلے۔ اس ناکامی کی ذمہ داری اُن افراد پر عائد ہوتی ہے جو پچز کی تیاری کے ذمہ دار ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے کبھی سلو اور کم باؤنس والی پچز بنانے کی ہدایت نہیں دی۔ جب زیادہ باؤنس والے ٹریکس کا مطالبہ کیا گیا تو صرف چند ہی مرتبہ اس نوعیت کی پچز تیار ہوئیں۔ اس کے برعکس، ہمیں قدرتی گراؤنڈ کنڈیشنز اور میچز کی کثرت کو وجہ بنا کر جواب دیا جاتا رہا۔

 

ناظم العابدین نے تسلیم کیا کہ میرپور کی وکٹ موجودہ معیار پر پورا نہیں اترتی، اور اس مسئلے پر مستقبل میں سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچز کی بہتری کو آئندہ ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا۔

 

یاد رہے کہ حالیہ پاکستان-بنگلا دیش ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی دو میچز انتہائی لو اسکورنگ رہے تھے، جن میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی بنگلا دیش کی پچز کو دنیا کی بدترین لو اسکورنگ وکٹوں میں شمار کیا تھا۔