عطاء تارڑ کا اپوزیشن پر جوابی وار: آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ جھوٹ اور مذاق قرار

پاکستان - 02 اگست 2025
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اپوزیشن اتحاد کی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے کو "مضحکہ خیز اور جھوٹ پر مبنی" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی، ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، اور تحریک انصاف کے رہنما اس وقت شرطیں لگا رہے تھے کہ پاکستان کب ڈیفالٹ کرے گا۔ لیکن اب حالات بدل چکے ہیں، ملک کی معیشت میں واضح بہتری آئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تاریخ میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، مہنگائی میں کمی، اور پیٹرول کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ان کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
وفاقی وزیر نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف بے بنیاد تنقید کرتے ہیں، ان کے پاس نہ کوئی پالیسی ہے اور نہ کوئی مثبت تجویز۔ یہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔
9 مئی کے مقدمات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تمام ٹرائل شفاف انداز میں ہوئے، اور ناقابل تردید شواہد عدالتوں میں پیش کیے گئے۔ اب اپوزیشن کے پاس ان مقدمات کا کوئی جواب نہیں، اسی لیے چیخ و پکار پر اتر آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی غیر ملکی سربراہ کا دورۂ پاکستان متوقع ہوتا ہے، اپوزیشن اس موقع کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ اگر انہیں موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتراض ہے تو وہ بتائیں کہ ان کے پاس کیا بہتر متبادل موجود ہے۔