بھارتی فوج کے کرنل کا ہولناک انکشاف: اعلیٰ افسران پر بیوی کی عصمت دری کا الزام، انصاف کی راہیں مسدود

news-banner

دنیا - 18 جولائی 2025

بھارتی فوج کے کرنل امیت کمار نے ادارے کے اندر چھپے جنسی درندوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی میں فوج کے اعلیٰ رینک کے افسران شامل ہیں، جنہیں ’’ڈیوٹی‘‘ اور ’’آرڈرز‘‘ کی آڑ میں تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

 

پریس کانفرنس میں کرنل امیت کمار نے انکشاف کیا کہ جب وہ اپنی اہلیہ کو فیملی وارڈ سے واپس لائے، تو اس کے بعد جنرلز اور بریگیڈیئرز کی جانب سے بیوی کی عصمت دری کی گئی۔ ان کے بقول، ویڈیوز اور شواہد موجود ہونے کے باوجود کسی قسم کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

 

کرنل کمار کے مطابق ایف آئی آر نمبر 33/2024 میں تین بریگیڈیئرز اور ایک لیفٹیننٹ کرنل کو نامزد کیا گیا تھا، مگر بعد میں سب کو کلین چٹ دے دی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کیس کی تفتیش بھی انہی افراد نے کی جو خود الزامات کی زد میں ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف بھارتی فوج میں موجود سنگین خرابیوں کو ظاہر کرتا ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ وردی میں موجود طاقتور عناصر قانون سے بالاتر ہو چکے ہیں۔

 

کرنل امیت کمار نے سوال اٹھایا کہ اگر خود آرمی کمانڈرز انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہوں تو عام شہری کہاں جائے؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی بیوی کے کردار پر جھوٹے الزامات لگا کر کیس کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ قومی خواتین کمیشن کی شکایت کے بعد ایس پی کانگڑا کو اچانک تبادلے کا سامنا کرنا پڑا۔

 

انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی فوج کی ویسٹرن کمانڈ میں چھپے عناصر کو بے نقاب کر کے رہیں گے۔ کرنل نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کی چشم پوشی کے باعث وردی میں ملبوس عناصر خواتین کے خلاف جرائم کے باوجود آزاد گھوم رہے ہیں۔