اطلاعات کا محاذ سب سے پہلی دفاعی لائن ہے، عطا تارڑ

پاکستان - 21 جولائی 2025
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے انفارمیشن گروپ کے 41ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن گروپ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کا پہلا محافظ ہے، جس نے ملک کی نظریاتی بنیادوں، قومی بیانیے اور ریاستی تعمیر میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے نوجوان افسران سے ملاقات کو باعث فخر قرار دیا اور کہا کہ ان سے قومی خدمت کی نئی امیدیں وابستہ ہیں۔ وزیر اطلاعات نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے واضح برتری حاصل کی، اور اس کامیابی میں انفارمیشن گروپ اور وزارت اطلاعات نے مرکزی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ "اس جنگ کا پہلا محاذ معلومات کا تھا، اور ہم نے اسے چیلنج کے طور پر قبول کیا۔"
انہوں نے زور دیا کہ معلومات کی جنگ میں نہ کوئی ہفتہ ہوتا ہے، نہ کوئی مخصوص وقت — یہ ایک مسلسل ذمہ داری ہے جو جذبہ حب الوطنی سے چلتی ہے۔
عطا تارڑ نے وزارت اطلاعات میں کی گئی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کو عالمی معیار کے مطابق ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ میں اپ گریڈ کرنے کی تجویز دی۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کا منظرنامہ تیزی سے بدلا ہے — پرنٹ سے الیکٹرانک اور اب ڈیجیٹل دور میں داخل ہوچکے ہیں۔ ساتھ ہی، انہوں نے خبردار کیا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے ساتھ جعلی خبروں، پروپیگنڈا اور گمراہ کن معلومات جیسے چیلنجز بھی سامنے آئے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے انفارمیشن سروس کے ان گمنام ہیروز کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے خاموشی سے ریاست کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
آخر میں، انہوں نے نئے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے سینئرز کی روایات کو اپنائیں اور اس نئے ابلاغی دور میں قومی خدمت کو دیانت، لچک اور جذبے کے ساتھ جاری رکھیں۔