پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آئرلینڈ سیریز کی تیاری، کراچی میں سخت ٹریننگ جاری

news-banner

کھیل - 21 جولائی 2025

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم آئرلینڈ کے دورے کی تیاریوں کے سلسلے میں کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں اسکلز اور فٹنس کیمپ کے 14ویں روز سخت تربیتی مشقوں میں مصروف ہے۔

ہیڈ کوچ محمد وسیم کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مہارتوں پر مبنی 4 گھنٹے طویل پریکٹیکل ڈرلز مکمل کیں۔

معروف کوچز غلام جیلانی خان اور طاہر خان نے تیز رفتار اور اسپن بولنگ کے خصوصی سیشنز کروائے، جس میں کھلاڑیوں کو انفرادی رہنمائی فراہم کی گئی۔

فیلڈنگ کوچ عبدالسعد نے فیلڈنگ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تیز رفتاری، ردعمل اور پوزیشننگ پر خصوصی توجہ دی۔

یہ کیمپ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے خواتین کرکٹ کے فروغ اور ٹیم کی جسمانی و تکنیکی تیاری کے عزم کا مظہر ہے تاکہ ٹیم عالمی سطح پر بہتر کارکردگی دکھا سکے۔