محکمہ قانون کا بیان: گورنر اور عدلیہ پر تنقید غیر آئینی اور سیاسی مفاد پر مبنی ہے

پاکستان - 21 جولائی 2025
وفاقی وزارتِ قانون و انصاف نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری کے حوالے سے بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے کی جانے والی تنقید کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے "غیر ضروری اور بے بنیاد" قرار دیا ہے۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق، کچھ سیاسی شخصیات آئین اور قانونی نکات کو سمجھے بغیر گورنر خیبرپختونخوا اور دیگر اداروں کو نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ سیاسی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ عدالتی فیصلوں اور آئینی طریقہ کار کے حوالے سے عوام میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش بھی ہے۔
پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس پر کی گئی تنقید کو بھی وزارت نے افسوسناک اور بے بنیاد قرار دیا۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد اگر کسی صوبے میں حلف لینے میں تاخیر یا مزاحمت ہو تو چیف جسٹس آئینی طور پر کسی موزوں شخصیت کو نامزد کر سکتے ہیں تاکہ یہ عمل مکمل کیا جا سکے۔
خیبرپختونخوا کے معاملے میں چیف جسٹس نے گورنر کو حلف لینے کے لیے نامزد کیا، جو آئینی تقاضوں کے عین مطابق تھا۔ وزارتِ قانون نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر معاملے میں واضح رہنمائی فراہم کرتا ہے اور قومی مفاد و استحکام کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔