سی ڈی اے کا ممبران پارلیمنٹ کے لیے 104 فیملی سویٹس مکمل کرنے کا فیصلہ، منصوبہ نو سال بعد دوبارہ فعال

news-banner

پاکستان - 20 جولائی 2025

 ممبران پارلیمنٹ کے لیے خوشخبری ہے کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پارلیمنٹ لاجز میں 104 فیملی سویٹس کو مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس مقصد کے لیے تعمیراتی کمپنیوں سے پانچ اگست تک ٹینڈر طلب کیے گئے ہیں۔

منصوبے کا پہلا مرحلہ 2 ارب 88 کروڑ 24 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد فیملی سویٹس کو تین ماہ میں فعال کردیا جائے گا۔ دوسرے اور تیسرے مراحل میں 400 سرونٹ کوارٹرز، سروسز بلاک اور مسجد کی تعمیر کی جائے گی۔ مکمل منصوبے پر 7 ارب 10 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔

یہ منصوبہ سب سے پہلے 2011 میں پارلیمنٹ لاجز فیز ٹو کے تحت شروع کیا گیا تھا، تاہم تعمیراتی کمپنی نے صرف 50 فیصد کام مکمل کرنے کے بعد 2016 میں کام بند کردیا، جس کے بعد یہ منصوبہ نو سال تک التوا کا شکار رہا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی کوششوں سے منصوبے پر دوبارہ کام شروع ہوا، نیا کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا اور پی سی ون کی نئی منظوری دی گئی۔ اب یہ منصوبہ ورکس ڈائریکٹوریٹ سی ڈی اے کے تحت مکمل کیا جائے گا اور اسے تین پیکجز میں تقسیم کر کے ٹھیکے دیے جائیں گے۔

پہلے پیکج کے تحت 104 فیملی سویٹس کی تکمیل ہوگی جن کا اسٹرکچر پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے۔ باقی کام میں ٹائلز، اے سی، فرنیچر، کھڑکیاں، رنگ و روغن اور کچن کا سامان شامل ہے۔

سی ڈی اے کے پاس اس وقت ایک ارب روپے موجود ہیں، جب کہ باقی رقم پی ایس ڈی پی (PSDP) سے فراہم کی جائے گی۔

اس وقت پارلیمنٹ لاجز میں کل 362 فیملی سویٹس موجود ہیں، جن میں قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں کے ارکان رہائش پذیر ہوتے ہیں۔ اضافی لاجز کی عدم تعمیر کی وجہ سے 44 ممبران کو عارضی طور پر ایم این اے ہاسٹل میں رہائش دی گئی ہے۔