انڈیگو ایئرلائن کی پرواز میں تھپڑ کا نشانہ بننے والا مسافر پراسرار طور پر لاپتہ

پاکستان - 02 اگست 2025
بھارتی نجی فضائی کمپنی انڈیگو کی پرواز میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جب ایک مسافر کو دورانِ پرواز تھپڑ مارا گیا اور بعدازاں وہ شخص پراسرار طور پر لاپتا ہو گیا۔
لاپتا شخص کی شناخت 32 سالہ حسین احمد مجمدار کے طور پر کی گئی ہے، جو بھارتی ریاست آسام کے ضلع کاچار سے تعلق رکھتے ہیں۔ حسین ممبئی سے کلکتہ کے راستے فلائٹ 6E-2387 کے ذریعے سلچر جا رہے تھے۔
پرواز کے دوران حسین کو اچانک شدید گھبراہٹ کا دورہ پڑا، جس پر دو کیبن کریو ممبران نے انہیں طیارے سے اتارنے کی تیاری کی۔ اسی دوران ایک مسافر، جو کھڑکی والی سیٹ پر بیٹھا تھا، اچانک حسین کو تھپڑ مار بیٹھا۔ یہ منظر ایک دوسرے مسافر نے موبائل پر ریکارڈ کیا، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کریو ممبران نے حملہ آور کو قابو میں کرنے کی کوشش کی جبکہ دیگر مسافروں نے اس رویے پر احتجاج بھی کیا۔
انڈیگو کے مطابق، مذکورہ حملہ آور کو کلکتہ ایئرپورٹ پر CISF (سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس) کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
تاہم، حسین مجمدار اپنی منزل سلچر ایئرپورٹ پر نہیں پہنچے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ نہ ان سے کوئی رابطہ ہو رہا ہے، نہ ہی ان کا موبائل فون آن ہے۔
اہلِ خانہ نے ابتدائی طور پر سلچر ایئرپورٹ پر ان کا انتظار کیا، لیکن جب وہ نہ پہنچے تو وائرل ویڈیو کے ذریعے ان کی شناخت کی گئی۔ بعدازاں ان کی گمشدگی کی رپورٹ اودھربند پولیس اسٹیشن میں درج کر دی گئی ہے، جبکہ معاملے سے متعلق CISF کو بھی باقاعدہ اطلاع دی جا چکی ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے اب تک حسین کی گمشدگی سے متعلق کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا، صرف اتنا کہا گیا ہے کہ بدتمیز مسافر کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔