جھنگ پولیس کی بروقت کارروائی، انیس سالہ طالبہ کے اندھے قتل کا سراغ لگا کر ملزم گرفتار

پاکستان - 20 جولائی 2025
جھنگ پولیس نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے انیس سالہ طالبہ کے بلائنڈ مرڈر کا بروقت سراغ لگا لیا ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن عابد حسین ظفر کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم طیب ادریس کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ملزم مقتولہ کا قریبی رشتہ دار ہے جس نے گزشتہ روز اسے ورغلا کر اغوا کیا۔ ایس پی کے مطابق، ملزم نے لڑکی کو زہریلی چیز کھلا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے مقتولہ کا رشتہ مانگا تھا تاہم لڑکی کے والدین نے اس سے انکار کر دیا تھا۔ ایس پی کا کہنا ہے کہ طالبہ کی موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد واضح ہو گی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔