گلوکارہ صنم ماروی اور احمد شاہ کے درمیان صلح، تنازع اختتام پذیر

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 19 اگست 2025

پاکستان کی معروف گلوکارہ صنم ماروی اور آرٹس کونسل کراچی کے صدر احمد شاہ کے درمیان جاری تنازع بالآخر ختم ہوگیا۔ دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ غلط فہمیاں دور کر کے صلح کرلی۔

 

یاد رہے کہ حال ہی میں صنم ماروی نے احمد شاہ کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ 10 اگست کو سکھر میں سندھ حکومت کے پروگرام کے دوران ان کی توہین کی گئی۔ گلوکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ احمد شاہ نے دھکے دیے، نامناسب زبان استعمال کی اور دھمکیاں دیں، جس سے انہیں ذہنی صدمہ پہنچا۔

 

احمد شاہ نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔ تاہم وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ اور نامور ادیبہ نور الہدیٰ شاہ کی مداخلت سے دونوں کے درمیان صلح ہوگئی۔

 

وزیر ثقافت نے اپنے فیس بک پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں احمد شاہ نے کہا کہ صنم ماروی ان کے لیے بیٹی اور چھوٹی بہن جیسی ہیں، ان کے درمیان برسوں سے اچھے تعلقات ہیں اور جو تنازع ہوا وہ صرف غلط فہمیوں کی بنیاد پر تھا۔ انہوں نے اپنے سٹاف کے نامناسب رویے پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

 

صنم ماروی نے بھی سندھی زبان میں اپنے الزامات واپس لیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی روایت کے مطابق گلے شکوے ختم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے سید ذوالفقار علی شاہ اور نور الہدیٰ شاہ کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ سندھ کے عوام کی مشکور ہیں۔