حماس کی نئی تجویز اسرائیل کے منظور شدہ مسودے جیسی ہے‘ قطر

دنیا - 20 اگست 2025
غزہ جنگ بندی: قطر کا کہنا ہے حمس کی نئی تجویز اسرائیل کے منظور شدہ مسودے جیسی ہے
قطر نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق حماس کی جانب سے منظور کی گئی تازہ تجویز تقریباً وہی ہے جو اس سے قبل اسرائیل نے قبول کی تھی، تاہم ابھی کسی بڑی پیش رفت کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے دوحہ میں صحافیوں کو بتایا کہ حماس نے تازہ ترین مسودے پر ’’انتہائی مثبت جواب‘‘ دیا ہے۔ ان کے مطابق:
’’یہ وہی مسودہ ہے جسے اسرائیلی فریق پہلے ہی منظور کر چکا تھا۔‘‘
ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے باضابطہ ردعمل کا انتظار ہے لیکن امید ہے کہ جلد مثبت جواب ملے گا۔ تاہم انہوں نے امریکی ایلچی کی سابقہ تجویز اور موجودہ مسودے کے درمیان فرق پر تبصرے سے گریز کیا اور اسے حساس معاملہ قرار دیا۔
ماجد الانصاری نے اس موقع کو ’’فیصلہ کن انسانی لمحہ‘‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر یہ تجویز ناکام ہوئی تو انسانی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی لیے قطر مصر اور امریکا سمیت دیگر عالمی فریقوں کے ساتھ مل کر جنگ بندی کے لیے کوششیں تیز کر رہا ہے۔
ادھر ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے واضح کیا کہ اسرائیلی حکومت کسی بھی ممکنہ معاہدے میں تمام یرغمالیوں کی رہائی کو لازمی شرط کے طور پر شامل رکھے گی۔
یاد رہے کہ جنگ کے دوران اب تک صرف دو مختصر جنگ بندی معاہدے ممکن ہو سکے ہیں، جن کے تحت اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے فلسطینی قیدی رہا کیے گئے تھے۔ تاہم مستقل جنگ بندی کی تمام کوششیں ناکام رہی ہیں۔ قطر اور مصر امریکا کی پشت پناہی کے ساتھ مسلسل ثالثی میں سرگرم ہیں اور نیا مسودہ اسرائیل کو بھجوایا جا چکا ہے، جس پر فیصلہ اب اسرائیل کے ہاتھ میں ہے۔