پیوٹن کا محمد بن سلمان سے رابطہ، ٹرمپ ملاقات کے نتائج سے آگاہ

news-banner

دنیا - 20 اگست 2025

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ الاسکا میں ہونے والی اپنی حالیہ ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ یہ گفتگو منگل کو دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے دوران ہوئی۔

 

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق صدر پیوٹن نے امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے مستقل اور اصولی مؤقف کو سراہا اور ولی عہد کی تعمیری کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عالمی تنازعات کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارتی مذاکرات ہی بہترین راستہ ہیں۔

 

ٹیلی فونک گفتگو میں توانائی، سرمایہ کاری اور خطے میں امن و استحکام کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ برسوں میں روس اور سعودی عرب کے تعلقات بالخصوص توانائی کے میدان میں مضبوط ہوئے ہیں، اور دونوں ممالک اوپیک پلس کے پلیٹ فارم سے تیل کی پیداوار کے حوالے سے قریبی تعاون کر رہے ہیں۔

 

مشرق وسطیٰ کے تنازعات، خصوصاً شام، یمن اور فلسطین کے مسئلے پر بھی دونوں ممالک وقتاً فوقتاً رابطے میں رہتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پیوٹن کی جانب سے ٹرمپ ملاقات کی تفصیلات سعودی قیادت کو فراہم کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ماسکو ریاض کو عالمی سطح پر ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔