خیبر پختونخوا میں بجلی و مواصلاتی نظام متاثر، ستر فیصد بحالی مکمل

news-banner

پاکستان - 19 اگست 2025

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے بونیر، شانگلہ، باجوڑ اور سوات میں بجلی کا نظام متاثر ہوا تاہم گزشتہ 48 گھنٹوں میں ستر فیصد بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر سردار اویس لغاری متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں جبکہ امیر مقام باجوڑ اور علیم خان گلگت میں بحالی کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔

سوات میں 35 فیڈر متاثر ہوئے جن میں سے 25 بحال کر دیے گئے ہیں۔ بونیر میں 9 فیڈر متاثر ہوئے، جن میں سے 3 بحال ہو گئے جبکہ 6 پر کام جاری ہے۔ ہسپتالوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ مالاکنڈ بشام روڈ اور این 90 کھول دیے گئے ہیں۔ اب تک 1200 خیمے، پمز سے ڈاکٹروں کی ٹیمیں، جنریٹرز، ڈی واٹرنگ پمپس، ادویات اور 40 ٹن راشن پیکس متاثرہ علاقوں میں پہنچا دیے گئے ہیں۔ پانچ سو سے زائد میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلد استک برج بھی بحال ہوگا جس سے جگلوٹ اسکردو روڈ کی کلیئرنس میں مدد ملے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مزید ریلیف قافلے روانہ کیے جا رہے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مشکل وقت میں پوری قوم متحد ہو کر مشکلات کم کرنے میں کردار ادا کرے۔