دنیا - 28 ستمبر 2025
پاکستان کے بیان پر بھارت کی بوکھلاہٹ، اقوام متحدہ کا ہال چھوڑنے پر مجبور

تازہ ترین - 28 ستمبر 2025
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کے مدلل بیان پر بھارت بوکھلا گیا اور اس کا ایک مندوب پریشانی کی حالت میں ہال چھوڑنے پر مجبور ہو گیا۔
اس واقعے سے قبل، پاکستانی سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے بھارت کی جانب سے دیے گئے جواب پر جوابی بیان میں کہا کہ پاکستانی وفد کا دوبارہ بات کرنے کا ارادہ نہیں تھا، لیکن یہ انتہائی شرمناک ہے کہ بھارت ایک خودمختار ملک کے نام کو بگاڑنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے اسے نہ صرف غیر شائستگی بلکہ ایک پوری قوم کی توہین کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔
محمد راشد نے کہا کہ اس قسم کی بیان بازی سے بھارت اپنی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے اور ثابت کر رہا ہے کہ اس کے پاس کوئی ٹھوس دلیل نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت خفیہ اور سرحد پار دہشت گردانہ نیٹ ورک چلاتا ہے اور خطے کو اپنے بالادستی کے عزائم کی بنیاد پر یرغمال بنائے ہوئے ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو بدنام کرنے کی یہ کوشش ہمیشہ کی طرح حقائق سے خالی تھی، کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو دنیا تسلیم کرتی ہے۔ محمد راشد نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ واقعی امن چاہتا ہے تو اسے خلوص، باہمی احترام، مکالمہ اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔