ایف آئی اے کی 13ویں ریڈ بُک جاری، 143 خطرناک انسانی اسمگلرز اور خواتین اسمگلرز کی فہرست منظرِ عام پر

news-banner

پاکستان - 27 ستمبر 2025

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کے تحت اپنی 13ویں ریڈ بُک جاری کر دی، جس میں 143 انتہائی مطلوب اسمگلرز اور ٹریفکرز کے نام شامل ہیں، جن میں سات خواتین بھی شامل ہیں۔

 

فہرست کے مطابق گوجرانوالہ زون سے 70، اسلام آباد سے 25، لاہور سے 14، فیصل آباد سے 13، کراچی سے 10، کوہاٹ سے 6، ملتان سے 3 جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے ایک ایک اسمگلر شامل ہے۔ سات خواتین میں چار کا تعلق اسلام آباد، دو کا لاہور اور ایک کا گوجرانوالہ سے ہے۔

 

ایف آئی اے کے مطابق تمام ملزمان کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹس بلیک لسٹ کر دیے گئے ہیں اور بیرونِ ملک موجود افراد کے لیے ریڈ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق 2023 کی ریڈ بُک میں شامل 51 اسمگلرز پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی کی گرفتاری کے لیے ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔

 

عالمی نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے ایف آئی اے نے برطانیہ، اسپین، اٹلی، ترکیہ، ملائیشیا اور متحدہ عرب امارات میں لائژن آفسز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ اسمگلنگ کے راستوں کی نشاندہی اور غیرملکی اداروں سے تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔