نواب شاہ میں اعلیٰ سطح ملاقات: صدر آصف زرداری اور حکومتی رہنماؤں میں سیاسی مفاہمت پر اتفاق

news-banner

پاکستان - 09 اکتوبر 2025

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے زرداری ہاؤس نواب شاہ میں اہم ملاقات کی۔

 

ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، صدرِ مملکت نے مہمانوں کو گلے لگا کر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ملک کی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے صدر زرداری کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس اور عالمی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

 

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان جاری بیان بازی کے خاتمے پر اتفاق رائے ہوا۔


صدر آصف زرداری نے زور دیا کہ دونوں جماعتوں کو تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ ملک میں سیاسی استحکام کو فروغ ملے۔

 

مزید یہ طے پایا کہ مستقبل میں کسی بھی بڑے سیاسی یا حکومتی معاملے پر بات کرنے سے قبل دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے مؤقف سے آگاہی حاصل کریں گی۔

 

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے سیاسی کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ صدر زرداری نے ان کے تعاون کو سراہا۔


ملاقات میں پنجاب اور سندھ حکومتوں کے درمیان حالیہ تنازع اور اس کے ممکنہ سیاسی اثرات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔