اداکارہ سنگیتا بجلانی نے فارم ہاؤس پر چوری کے بعد اسلحہ لائسنس کی درخواست دے دی

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 14 اکتوبر 2025

معروف بھارتی اداکارہ سنگیتا بجلانی نے جولائی میں اپنے فارم ہاؤس پر ہونے والی چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعے کے بعد اپنی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے اسلحہ لائسنس کی درخواست جمع کرا دی ہے۔


اداکارہ نے پونے رورل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سندیپ سنگھ گل سے ملاقات کی اور کیس کی تحقیقات میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔


پولیس کے مطابق، سنگیتا بجلانی کے فارم ہاؤس سے تقریباً 50 ہزار روپے نقدی، ایک ٹی وی اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کی گئیں، جبکہ گھر کی دیواروں پر فحش گرافٹی بھی بنائی گئی تھی۔


اداکارہ نے اس واقعے کو ’انتہائی خوفناک‘ اور ’ذہنی طور پر صدمہ پہنچانے والا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 20 برس سے پاونا میں رہائش پذیر ہیں، مگر اب پہلی بار خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ ایس پی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ پولیس جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کرے گی۔


سنگیتا بجلانی کا کہنا تھا کہ “میں ایک خاتون ہوں اور اکیلے فارم ہاؤس جانے پر اب تحفظ کی ضرورت محسوس کرتی ہوں۔ پہلے کبھی اسلحہ لائسنس کا خیال نہیں آیا، مگر اس واقعے کے بعد میں خوفزدہ ہوں۔”


انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیس مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے گی تاکہ پاونا کے رہائشیوں کو دوبارہ تحفظ کا احساس ملے۔