کاروبار - 13 اکتوبر 2025
شکاگو میراتھون 2025 میں پاکستانی رنرز کی شاندار کارکردگی، دنیا بھر میں ملک کا نام روشن

کھیل - 13 اکتوبر 2025
دنیا کی معروف ترین میراتھون دوڑوں میں سے ایک شکاگو میراتھون 2025 میں پاکستانی رنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کا نام فخر سے بلند کر دیا۔
اس ورلڈ میجر میراتھون میں دنیا بھر سے 53 ہزار سے زائد رنرز شریک ہوئے، جن میں پاکستان سمیت امریکا، برطانیہ، ناروے، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی نژاد رنرز بھی شامل تھے۔
پاکستانی نژاد امریکی رنر سید علی حمزہ نے غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 گھنٹے 55 منٹ 14 سیکنڈ میں فاصلہ طے کیا اور ایونٹ میں شریک تمام پاکستانی رنرز میں سب سے تیز قرار پائے۔
سلمان الیاس نے 2 گھنٹے 56 منٹ 39 سیکنڈ اور نزار نایانی نے 2 گھنٹے 57 منٹ 43 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کی۔
پاکستان میں مقیم رنرز میں نمایاں کارکردگی کراچی کے فیصل شفیع نے دکھائی، جنہوں نے 3 گھنٹے 18 منٹ 52 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کر کے اسے اپنے کیریئر کی یادگار کامیابی قرار دیا۔
خواتین رنرز میں عائشہ قمر نے شاندار پرفارمنس کے ساتھ 3 گھنٹے 1 منٹ میں فاصلہ طے کیا۔ کراچی کی دانیا علی نے ورلڈ میراتھون میجرز میں اپنے ڈیبیو پر 4 گھنٹے 45 منٹ 7 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کی، جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی تھی۔
ماہین سلیمان شیخ (لندن) نے 3 گھنٹے 55 منٹ 29 سیکنڈ اور ثناء ملک (کراچی) نے 4 گھنٹے 26 منٹ 27 سیکنڈ میں میراتھون مکمل کی۔
دیگر نمایاں پاکستانی رنرز میں بلال عمر (3:39)، یاور صدیقی (3:45)، شاہ فیصل خان (3:57)، ڈاکٹر صفدر علی (4:06)، عباس نقی (4:12)، یاسر سلیمان میمن (4:18)، اور تاجدار اقبال (4:21) شامل تھے۔
اسماعیلی روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خان نے اپنی سالگرہ کے روز میراتھون مکمل کی، انہوں نے 4 گھنٹے 59 منٹ 25 سیکنڈ میں فاصلہ طے کیا، جب کہ راستے میں موجود مداحوں نے "ہیپی برتھ ڈے" کے نعروں سے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایلیٹ کیٹیگری میں یوگنڈا کے جیکب کپلِمو نے 2 گھنٹے 2 منٹ 23 سیکنڈ میں مردوں کا مقابلہ جیتا، جب کہ ایتھوپیا کی ہاوی فیسا گجیجا نے خواتین میں 2 گھنٹے 14 منٹ 56 سیکنڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔