فلسطینی اتھارٹی نے ٹونی بلیئر کو غزہ کی تعمیرِ نو میں کردار ادا کرنے کی منظوری دے دی، حماس نے مخالفت کر دی

news-banner

تازہ ترین - 14 اکتوبر 2025

سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کو غزہ کی تعمیرِ نو میں کردار ادا کرنے کے لیے فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے باقاعدہ منظوری مل گئی ہے۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق یہ فیصلہ اردن کے دارالحکومت عمان میں ہونے والی ایک اہم ملاقات کے بعد سامنے آیا۔

 

رپورٹ کے مطابق ٹونی بلیئر نے فلسطینی اتھارٹی کے نائب صدر حسین الشیخ سے ملاقات میں جنگ بندی کے قیام، قیدیوں کی رہائی، اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی پر تفصیلی بات چیت کی۔

 

حسین الشیخ نے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا، ’’ہم صدر ٹرمپ، ٹونی بلیئر اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر خطے میں پائیدار امن، جنگ بندی، اور تعمیرِ نو کے لیے تیار ہیں۔‘‘

 

دوسری جانب، حماس نے ٹونی بلیئر کے ممکنہ کردار کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی نگرانی یا نمائندگی کسی غیر ملکی بورڈ کے سپرد نہیں کی جا سکتی۔ حماس کے مطابق بلیئر کا کردار فلسطینی خودمختاری کے منافی ہوگا۔

 

فلسطینی حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے منجمد کیے گئے ٹیکس ریونیو کی واپسی ناگزیر ہے کیونکہ اس کی عدم فراہمی سے اتھارٹی کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

 

اسی دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ یہ ابھی واضح نہیں کہ ٹونی بلیئر کو عالمی رہنماؤں کے درمیان اس کردار کے لیے کس حد تک پذیرائی حاصل ہے۔