تازہ ترین - 14 اکتوبر 2025
وزیراعظم شہباز شریف کا بیان: فلسطینی عوام کی آزادی اور وقار پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے

پاکستان - 14 اکتوبر 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی آزادی، وقار اور خوشحالی پاکستان کے لیے انتہائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے بتایا کہ وہ شرم الشیخ میں غزہ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بڑی تبدیلی کی نوعیت اور اس میں پاکستان کے کردار پر اپنے تاثرات شیئر کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق، پاکستان کی اولین ترجیح غزہ پر مسلط نسل کشی کی مہم کو فوری طور پر روکنا تھی، جسے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس تشدد کو روکنے کا وعدہ کیا اور اس پر عمل کیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان امن کے قیام کے لیے صدر ٹرمپ کے منفرد کردار کی قدر کرتا ہے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ 1967 سے قبل کی سرحدوں کے ساتھ ایک مضبوط، قابلِ عمل اور القدس الشریف کو دارالحکومت رکھنے والی آزاد فلسطینی ریاست کا قیام پاکستان کی مشرقِ وسطیٰ پالیسی کی بنیاد ہے اور ہمیشہ رہے گا۔