امریکی حملوں سے ایرانی جوہری پروگرام کو محدود نقصان پہنچا، واشنگٹن پوسٹ کا انکشاف

دنیا - 30 جون 2025
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ امریکی فضائی حملے ایران کی جوہری تنصیبات کو مستقل نقصان پہنچانے میں ناکام رہے ہیں۔ اخبار نے یہ دعویٰ ایرانی اعلیٰ حکام کے درمیان ہونے والی ایک خفیہ گفتگو کی بنیاد پر کیا ہے، جسے امریکی انٹیلی جنس اداروں نے خفیہ طور پر ریکارڈ کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایران کے جوہری پروگرام کو صرف چند مہینوں کی حد تک مؤخر کیا جا سکا ہے، جبکہ تنصیبات کو طویل المدتی یا فیصلہ کن نقصان نہیں پہنچا۔
تاہم اس رپورٹ پر وائٹ ہاؤس نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایسے نامعلوم ایرانی حکام کی گفتگو کو حقیقت پر مبنی قرار نہیں دیا جا سکتا، اور حقیقت یہ ہے کہ ایران بخوبی جانتا ہے کہ اس کی جوہری تنصیبات کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔
یہ صورتحال اس وقت دلچسپ ہو گئی جب اس سے قبل امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر، جان ریٹکلف، نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ امریکی حملوں نے ایرانی جوہری تنصیبات کو "شدید نقصان" پہنچایا ہے۔ ان کے مطابق سی آئی اے کی جدید انٹیلی جنس سسٹمز کے ذریعے حاصل کردہ معلومات اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ حملے انتہائی مؤثر اور تباہ کن تھے۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں ایران کے مختلف جوہری مقامات کو امریکا کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان حملوں کے اثرات پر واشنگٹن اور تہران کے مؤقف میں نمایاں فرق سامنے آ رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔