CIE کا بڑا فیصلہ: پیپر لیک اسکینڈل متاثرہ طلبہ کومفت دوبارہ امتحان دینے کی پیشکش

دنیا - 01 جولائی 2025
کیمبرج انٹرنیشنل ایگزامینیشنز (CIE) نے مئی/جون 2025 کے امتحانی سیشن میں پیپر لیک ہونے کے باعث متاثر ہونے والے طلبہ کو نومبر 2025 میں بغیر کسی اضافی فیس کے دوبارہ امتحان دینے کی اجازت دے دی ہے۔
واضح رہے کہ CIE نے حال ہی میں اعتراف کیا تھا کہ مئی/جون کے کچھ امتحانی پرچے، جن میں اے ایس/اے لیول میتھمیٹکس کے پیپر 12، پیپر 42 اور کمپیوٹر سائنس کا پیپر 22 شامل ہیں، جزوی طور پر لیک ہو گئے تھے۔ ادارے نے متاثرہ طلبہ کو اضافی نمبر دینے کا بھی اعلان کیا تھا تاکہ ان کے نتائج متاثر نہ ہوں۔
CIE نے پیر کو اپنے آفیشل فیس بک پیج پر ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ جون 2025 کے سیشن میں ان پیپرز میں شریک ہونے والے طلبہ چاہیں تو نومبر 2025 میں بغیر کسی فیس کے انہی مضامین کے امتحانات دوبارہ دے سکتے ہیں۔ امتحانی نتائج معمول کے مطابق جاری کیے جائیں گے اور طلبہ کو مزید تفصیلات ان کے اسکولز کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
ادارے نے تمام طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مزید معلومات کے لیے اپنے اسکولز سے رابطہ کریں۔
یاد رہے کہ امتحانی سیشن کے دوران طلبہ اور والدین کی جانب سے یہ شکایات بھی سامنے آئی تھیں کہ متعدد پرچے ایک ہی دن رکھے گئے، جس سے طلبہ پر غیر معمولی دباؤ پڑا۔ اس تناظر میں امتحانی شیڈول پر نظرثانی کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔