پاک بھارت قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ، پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ

news-banner

دنیا - 01 جولائی 2025

پاکستان اور بھارت نے قونصلر معاہدے 2008 کے تحت ایک دوسرے کی تحویل میں موجود قیدیوں کی تازہ فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق، یہ تبادلہ ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔

 

دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان نے 246 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے ہائی کمیشن اسلام آباد کے نمائندے کے حوالے کی، جن میں 53 عام شہری اور 193 ماہی گیر شامل ہیں۔

 

دوسری جانب بھارت نے 463 پاکستانی قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں پاکستانی ہائی کمیشن کو فراہم کی، جن میں 382 سویلین قیدی اور 81 ماہی گیر شامل ہیں۔

 

پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام پاکستانی قیدیوں کو فوری طور پر قونصلر رسائی دی جائے اور انسانی بنیادوں پر ان کی جلد از جلد رہائی اور وطن واپسی کو یقینی بنایا جائے۔