اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ: زیادتی کیس میں عمر قید پانے والا ملزم بری

news-banner

پاکستان - 01 جولائی 2025

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 15 سالہ لڑکی کے اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں عمر قید پانے والے ملزم کی سزا کالعدم قرار دے دی، عدالت نے شواہد میں تضادات اور شک کا فائدہ دیتے ہوئے ملزم کو بری کر دیا۔

 

ذرائع کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی نے 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے ملزم شالم غوری کو شک کی بنیاد پر دی گئی سزا قانون کے تقاضے پورے نہیں کرتی۔ عدالت نے ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے دی گئی عمر قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا کو کالعدم قرار دے دیا۔

 

فیصلے میں کہا گیا کہ متاثرہ لڑکی نے ٹرائل کورٹ میں بیان دیا کہ اس نے ملزم کو غلطی سے نامزد کیا، جبکہ فرانزک شواہد کی تحویل اور ان میں تضادات نے استغاثہ کی ساکھ متاثر کی۔

 

مقدمے کی مدعیہ ثمینہ نے الزام لگایا تھا کہ جون 2022 میں اس کی بیٹی سویرا کو سلیم اور دو افراد نے اغوا کیا، تاہم تفتیشی افسر سب انسپکٹر قمر اعجاز نے جرح کے دوران تسلیم کیا کہ فرانزک نمونے محمد اعجاز کے نام سے بھیجے گئے، حالانکہ وہ خود قمر اعجاز ہیں، جو ریکارڈ پر ایک بڑی غلطی تھی۔

 

عدالت نے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد اپیل منظور کرتے ہوئے ملزم شالم غوری کو بری کر دیا۔