حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا

پاکستان - 01 جولائی 2025
وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے کا اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ یہ قیمتیں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں میں 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر کاربن لیوی بھی شامل کی گئی ہے۔ پیٹرول پر عائد لیوی کو کم کر کے 75 روپے 52 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل پر لیوی 74 روپے 51 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات ملکی معیشت کو استحکام دینے اور مالیاتی اہداف کے حصول کی کوششوں کا حصہ ہیں۔