رانا ثنا اللہ کا سینیٹ میں اظہار خیال ‘ 27ویں آئینی ترمیم پر الزامات بے بنیاد قرار

news-banner

پاکستان - 13 نومبر 2025

سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن کے اعتراضات بے بنیاد ہیں۔

 

 انہوں نے واضح کیا کہ 26ویں ترمیم میں حذف کی گئی کسی بھی شق کو 27ویں ترمیم میں دوبارہ شامل نہیں کیا گیا، اور اب تک کسی میڈیا فورم یا اپوزیشن رکن نے ایسی کوئی نشاندہی نہیں کی۔

 

رانا ثنا اللہ نے وضاحت کی کہ آئین کے آرٹیکل 243 میں کی جانے والی ترامیم صرف افواجِ پاکستان کے اندرونی کمانڈ سسٹم میں اصلاحات تک محدود ہیں، اس سے باہر کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج نے عالمی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کا لوہا منوایا ہے، اور اس قیادت پر تنقید بلاجواز ہے جس نے قوم کو محفوظ رکھا۔

 

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے بار اور بینچ دونوں کی شراکت اہم ہے۔ جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بعد ججز کو مزید بااختیار بنایا گیا ہے، اب اس کمیشن کو مزید ادارہ جاتی حیثیت دی جا رہی ہے تاکہ پارلیمنٹ، حکومت، اپوزیشن اور بار کی نمائندگی کو متوازن بنایا جا سکے۔

 

رانا ثنا اللہ نے مزید بتایا کہ ہائیکورٹ ججوں کے تبادلوں سے متعلق فیصلے اب 13 رکنی کمیشن کرے گا، جس میں دو مزید ججز کو شامل کیا گیا ہے۔ کسی جج کی جانب سے ٹرانسفر آرڈر نہ ماننے کی صورت میں اس کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا۔