نئی گج ڈیم کیس: وفاقی آئینی عدالت میں سماعت پیر تک ملتوی، وکیل نے دلائل پیش کیے

news-banner

پاکستان - 18 نومبر 2025

وفاقی آئینی عدالت میں نئی گج ڈیم کیس کی سماعت کے دوران نجی کمپنی کے وکیل مسعود خان نے بتایا کہ اس کیس سے متعلق 3 تحریری جوابات پہلے ہی عدالت میں جمع کرائے جا چکے ہیں۔


چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی، اور وکیل نے نشاندہی کی کہ سندھ ہائیکورٹ کے 2 ججز نے پہلے ہی اس حوالے سے حکم جاری کیا، تاہم وفاقی آئینی عدالت نے کیس کو ابھی تک قابل سماعت قرار نہیں دیا۔

 

چیف جسٹس نے کہا کہ آئین میں کوئی ایسا اصول موجود نہیں جو دو ججز کے فیصلے کو دوسرے دو ججز کے نہ سننے سے روک سکے، یہ پابندی صرف سپریم کورٹ رولز کا حصہ تھی، آئین کا نہیں۔

 

مسعود خان نے مؤقف اپنایا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے مطابق اس نوعیت کی تمام درخواستیں وفاقی آئینی عدالت کو منتقل ہوں گی اور ایف ون سی کے تحت میرٹ کا جائزہ لینے سے پہلے کیس کی قابل سماعتی کا تعین ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے قواعد ابھی بھی قابل عمل ہیں۔

 

عدالت نے تمام اعتراضات اور دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔