دنیا - 19 نومبر 2025
کوئٹہ کی گاڑی کا ای چالان کراچی کے ہوٹل مالک کو بھیج دیا,28 سال پرانی چوری کا حیران کن انکشاف
تازہ ترین - 19 نومبر 2025
کوئٹہ میں رجسٹرڈ نمبر پلیٹ ’AA-540‘ کے تحت جاری ہونے والا ای چالان کراچی کے ایک نجی ہوٹل کے مالک کے نام پر بھیجے جانے پر حیران کن صورتحال سامنے آگئی۔
تحقیقات میں معلوم ہوا کہ یہ نمبر پلیٹ دراصل 28 سال قبل چوری ہونے والی مہران کار کی تھی، جبکہ جرمانہ سوزوکی آلٹو پر کیا گیا تھا۔
ہوٹل مالک کو موصول ہونے والا دس ہزار روپے کا ای چالان انکوائری کے بعد مشکوک قرار پایا۔
ٹریفک پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چالان کے وقت ای چالان سسٹم اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کے ڈیٹا سے منسلک نہیں تھا، جس کے باعث چوری شدہ گاڑی کی نشاندہی نہیں ہوسکی۔
ای چالان انتظامیہ نے کہا کہ اب سیف سٹی، اے وی ایل سی اور دیگر اداروں کے کیمرے آپس میں منسلک کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد مستقبل میں اس قسم کی غلطیاں نہیں ہوں گی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق چوری شدہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹ استعمال کرنے کے واقعات فی الحال بہت سامنے آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے پچھلے ماہ کراچی کے ریڈ زون اور اہم شاہراہوں پر ای چالان سسٹم متعارف کروایا تھا، جسے مرکزی مسلم لیگ اور جماعت اسلامی نے سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جرمانے حد سے زیادہ ہیں جبکہ شہر کی خستہ حال سڑکیں موٹر سائیکل سواروں کے لیے بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہیں۔
دیکھیں

