حوثیوں نے اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں 17 افراد کو پھانسی دے دی

news-banner

دنیا - 24 نومبر 2025

یمنی حوثیوں نے اسرائیل اور دیگر ممالک کے لیے جاسوسی کے الزام میں 17 افراد کو تختۂ دار پر لٹکا دیا۔

 

 عالمی میڈیا کے مطابق یہ سزائیں صنعا کی خصوصی فوجداری عدالت نے سنائیں، جہاں ملزمان پر امریکا، اسرائیل اور سعودی خفیہ اداروں سے منسلک ایک جاسوسی نیٹ ورک کا حصہ ہونے کے مقدمات چلائے گئے تھے۔

 

یمنی سرکاری خبر رساں اداروں کے مطابق عدالت نے نہ صرف 17 افراد کی سزائے موت برقرار رکھی بلکہ ان پر سر عام عمل درآمد کا بھی حکم دیا۔

 

 عدالت نے مقدمے میں شامل ایک خاتون اور ایک مرد کو 10 سال قید کی سزا سنائی، جبکہ ایک شخص کو بری کر دیا گیا۔ مجموعی طور پر 20 افراد کا ٹرائل کیا گیا۔

 

پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان 2024 اور 2025 کے دوران برطانیہ سمیت مختلف بیرونی ممالک کے لیے جاسوسی میں ملوث تھے۔

 

 رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے افسران ان یمنی شہریوں سے رابطے میں تھے، جن کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کئی عسکری، سکیورٹی اور شہری علاقوں میں حملے ہوئے، جن سے درجنوں افراد جاں بحق اور متعدد عمارتیں تباہ ہوئیں۔

 

مزید بتایا گیا کہ اکتوبر 2023 میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد امریکا اور برطانیہ نے یمن میں فضائی حملے کیے، جس میں کئی شہری مارے گئے، جبکہ حوثیوں نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر اسرائیل اور بحیرہ احمر میں بین الاقوامی بحری راستوں کو نشانہ بنایا۔


گزشتہ ماہ غزہ جنگ بندی کے بعد حوثیوں نے اپنے حملے روک دیے تھے۔