روس کی واٹس ایپ کو مکمل بلاک کرنے کی دھمکی؛ شہریوں کو حکومتی ایپ MAX پر منتقل ہونے کا مشورہ

news-banner

تازہ ترین - 29 نومبر 2025

روس نے عالمی سطح پر استعمال ہونے والی میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو مکمل طور پر بلاک کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

 

 غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی حکام نے ایک بار پھر واٹس ایپ پر جرائم روکنے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے شہریوں کو مقامی متبادل ایپس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

روس کے مواصلاتی نگران ادارے روسکومنیڈزو نے خبردار کیا کہ اگر واٹس ایپ نے روسی قوانین کی پابندی نہ کی تو اسے ملک بھر میں بند کر دیا جائے گا۔ یہ اقدام اگست میں واٹس ایپ کالز پر عائد پابندی کا تسلسل ہے۔

 

ادارے نے صارفین کو ریاستی سرپرستی میں چلنے والی میسجنگ ایپ MAX پر منتقل ہونے کی تجویز دی ہے، جو حکومتی خدمات سے منسلک ہے تاہم اس میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن موجود نہیں۔

 

واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے کہا کہ روس، صارفین کا محفوظ ڈیٹا حکومتی اداروں سے شیئر کرنے سے انکار پر پابندی لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔

 

واضح رہے کہ روس میں ٹیلی گرام اور واٹس ایپ دو سب سے زیادہ استعمال ہونے والی میسجنگ سروسز ہیں، لیکن روسی حکومت دونوں پلیٹ فارمز سے دہشتگردی اور فراڈ کی تحقیقات کے لیے صارفین کے ڈیٹا تک رسائی کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔