سنتھ جے سوریا نے پاکستان دورے کی فیس سیلاب متاثرین کے لیے دینے کا اعلان کر دیا

news-banner

کھیل - 29 نومبر 2025

سری لنکا کے ہیڈ کوچ اور سابق جارح مزاج بلے باز سنتھ جے سوریا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے میچ اور پاکستان دورے کی فیس سری لنکا کے سیلاب متاثرین کے لیے دے دیں گے۔

 

جے سوریا نے کہا کہ سری لنکا کے کھلاڑی اور سپورٹنگ اسٹاف ملک میں سیلاب کی وجہ سے افسردہ ہیں اور اس مشکل وقت میں متاثرین کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ گھر واپسی کے بعد ہم اس میں اور اضافہ کریں گے، کیونکہ اس وقت سب کو ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔

 

واضح رہے کہ ٹی 20 ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

 

 پاکستان نے چار میں سے تین میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنائی ہے، جبکہ سری لنکا ابتدائی دو میچز ہارنے کے باوجود فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

 

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور سری لنکن کپتان داسن شناکا نے مقامی ہوٹل میں ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

 

 آج شام 6 بجے یہ فیصلہ کن میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔