دنیا - 10 مارچ 2026
صرف ایک ہفتے کے لیے سوشل میڈیا محدود کرنے سے نوجوانوں کی ذہنی صحت بہتر ہو سکتی ہے
تازہ ترین - 29 نومبر 2025
امریکی محققین کے مطابق نوجوانوں میں صرف ایک ہفتے کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال کو محدود کرنے سے ذہنی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سوشل پلیٹ فارمز سے دوری نے بے چینی، ڈپریشن اور بے خوابی کی علامات میں واضح کمی پیدا کی۔
مطالعے میں 295 نوجوانوں نے اپنی روزانہ کی سوشل میڈیا سرگرمی تقریباً 2 گھنٹے سے کم کر کے صرف 30 منٹ تک محدود کی۔
ہر شریک کو اس تحقیق میں حصہ لینے کے لیے 150 ڈالر دیے گئے۔ ایک ہفتے کے بعد کیے گئے سروے میں درج ذیل اوسط نتائج سامنے آئے:
- بے چینی کی علامات میں 16.1 فیصد کمی
- ڈپریشن کی علامات میں 24.8 فیصد کمی
- بے خوابی کی علامات میں 14.5 فیصد کمی
تحقیق کے مطابق سب سے زیادہ بہتری اُن نوجوانوں میں دیکھی گئی جن میں پہلے سے ڈپریشن کی علامات زیادہ تھیں، جبکہ تنہائی کے احساس میں کوئی واضح تبدیلی سامنے نہیں آئی۔
یہ مطالعہ JAMA Network Open میں شائع ہوا۔ ماہرین کے مطابق نتائج حوصلہ افزا ہیں، لیکن ہر فرد پر یکساں اثر نہیں ہو سکتا۔
بعض شرکا نے نمایاں بہتری محسوس کی، جبکہ کچھ میں معمولی یا کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔
ماہرین نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا کا محدود استعمال ذہنی صحت کے لیے واحد یا بنیادی حکمت عملی نہیں ہونا چاہیے، لیکن یہ ایک آسان اور مفت طریقہ ہے جس سے نوجوان فوری فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔
مطالعے کی ایک محدودیت یہ ہے کہ یہ رضاکارانہ تھا اور شرکا پہلے ہی بہتری کی توقع رکھتے تھے، پھر بھی یہ نتائج سوشل میڈیا اور ذہنی صحت کے مباحثے میں اہم اضافہ سمجھا جا رہا ہے۔
دیکھیں

