پشاور میں عالم دین اور بیٹے کی فائرنگ سے ہلاکت، دوسرا بیٹا زخمی

news-banner

پاکستان - 29 نومبر 2025

پشاور میں اندھا دھند فائرنگ کے واقعے میں عالم دین قاری عزت اللہ اور ان کا کمسن بیٹا علی ہلاک ہو گئے، جبکہ دوسرا بیٹا مرتضیٰ زخمی ہو گیا۔

 

تھانہ پشتہ خرہ پولیس کے مطابق قاری عزت اللہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اپنے دونوں بیٹوں کے ہمراہ کار میں گھر جا رہے تھے کہ بورڈ بازار میں موٹرسائیکل سوار افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔

 

پولیس حکام نے بتایا کہ لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمی کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ واقعہ کی اندھا دھند فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 

ایس پی کینٹ احتراز خان نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور اہم شواہد اکٹھے کیے، جبکہ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کر کے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

 

پولیس نے کہا کہ واقعہ کے مختلف پہلوؤں بشمول ٹارگٹ کلنگ پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔