پشاور ایف سی ہیڈکوارٹرز خودکش حملوں کی تفتیش شروع، حملہ آوروں کی افغان شہریت کی تصدیق

news-banner

پاکستان - 30 نومبر 2025

پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے خودکش دھماکوں کی تفتیش باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی ہے۔

 

تفتیشی حکام کے مطابق نادرا نے حملہ کرنے والے تینوں حملہ آوروں کی افغان شہریت کی تصدیق کر دی ہے، تاہم حملہ آوروں کی مزید تفصیلات ابھی تک موصول نہیں ہو سکیں۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متعلق 100 سے زائد مشتبہ افراد سے تفتیش کی جا چکی ہے جبکہ رحمان بابا قبرستان سے ایف سی ہیڈکوارٹرز تک حملہ آوروں کی آمد کی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔

 

مزید بتایا گیا کہ تفتیشی ٹیم سہولت کاروں کی تلاش میں مصروف ہے، اور حملے کے دن خودکش حملہ آوروں کے پاس کوئی موبائل فون موجود نہیں تھا۔

 

واضح رہے کہ 24 نومبر کو ایف سی ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے خودکش دھماکوں میں 3 ایف سی اہلکار شہید جبکہ تینوں حملہ آور ہلاک ہو گئے تھے۔

 

پولیس نے اس حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف مقامی ایس ایچ او عبداللہ جلال کی مدعیت میں درج کرایا۔

 

ایف آئی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ملکی سالمیت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ تین موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا، جن میں سے ایک نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑایا جبکہ دو اندر داخل ہو کر فائرنگ کرتے رہے۔ جائے وقوعہ سے 27 سے زائد خول بھی برآمد کیے گئے۔

 

پولیس کے مطابق اس حملے میں تین اہلکار شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔