کم عمر بچی کی ہلاکت، ایف آئی اے افسر اور قاری کے خلاف مزید دفعات شامل کرنے کا حکم
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کم عمر بچی کی ہلاکت کے مقدمے میں ایف آئی اے افسر اور قاری کے خلاف کم عمر بچوں سے گھریلو ملازمت کرانے کے قانون کی دفعہ 3 شامل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے بچوں پر تشدد اور کم عمر بچوں کو بے سہارا چھوڑنے سے متعلق دفعات بھی مقدمے کا حصہ بنانے کی ہدایت کی۔ تفتیشی افسر کی رپورٹ کے مطابق نادرا ریکارڈ سے مقتولہ کی عمر 11 سال 11 ماہ ثابت ہوئی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ناعمہ عفت نے ملزمان کے تین روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو مزید تحقیقات کے لیے مختلف نکات کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے قرار دیا کہ مقتولہ اور ایف آئی اے افسر کے درمیان تعلق، جبکہ بچی کے والد اور ملزم ایف آئی اے افسر کے خاندان کے باہمی تعلق کی نوعیت کا تعین ابھی باقی ہے۔
حکم نامے کے مطابق یہ بھی معلوم کیا جانا ہے کہ بچی کس مقصد کے لیے ایف آئی اے افسر کے گھر رہ رہی تھی اور کیا اس سلسلے میں کوئی مالی فائدہ حاصل کیا گیا تھا۔
عدالت نے کہا کہ الہدیٰ کا ریکارڈ واٹس ایپ پر موصول ہوا ہے، تاہم اصل رجسٹر اور متعلقہ شخص کا ضابطہ فوجداری کی دفعہ 161 کے تحت بیان حاصل کرنا ابھی باقی ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ ملزمہ کے شوہر، ملازمین اور ہمسایوں کے دفعہ 161 کے تحت بیانات ریکارڈ نہیں کیے گئے، جن سے یہ معلوم ہوسکے کہ بچی سے کون سا کام لیا جا رہا تھا اور آیا اسے چائلڈ لیبر کے لیے استعمال کیا گیا۔
عدالت کے مطابق شکایت کنندہ کے حوالے سے بھی یہ تعین نہیں کیا گیا کہ آیا وہ اس معاملے کے بدلے کوئی مالی لین دین کر رہا تھا۔
عدالت نے ملزمہ کے شوہر کے کردار، بچی کو تین سال تک سرکاری رہائش گاہ میں رکھنے کی وجوہات اور اس کی ہلاکت کے حالات کی مزید تحقیقات کرنے کی ہدایت کی۔
حکم نامے میں تفتیشی افسر کو ہدایت کی گئی کہ مقدمے میں اضافی دفعات شامل کرنے سے متعلق آئندہ سماعت پر عدالت کو آگاہ کیا جائے، جبکہ حتمی فیصلہ چالان جمع ہونے کے بعد متعلقہ عدالت کرے گی۔
تفتیشی رپورٹ کے مطابق این سی سی آئی اے نے ڈی وی آر کی تصدیق کر دی ہے۔ عدالت نے متعلقہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا مکمل ٹرانسکرپٹ تیار کرنے کا بھی حکم دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 26 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔