پاکستان اور عمان کا تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے، ویزا مسائل حل کرنے پر اتفاق
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے مسقط میں عمان کے وزیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ویزا سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں سے رجوع کرنے اور مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو مؤثر انداز میں فعال بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔
علی پرویز ملک نے عمان کے قومی دن پر عمانی وزیر تجارت کو مبارک باد دی اور عمان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے خوشگوار تعلقات اور جغرافیائی قربت دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
عمان کے وزیر تجارت نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ پاکستان اور عمان کے درمیان طویل المدتی اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔
علی پرویز ملک نے آٹھویں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں طے پانے والے جامع پروٹوکول کو دوطرفہ تعاون آگے بڑھانے کے لیے مؤثر روڈ میپ قرار دیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے تاجروں اور کاروباری شخصیات کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان اقتصادی تعاون کو توانائی کے شعبے سے آگے دیگر شعبوں تک وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔